صدر مشرف کے خطاب کا متن
مستعفی صدر پرویز مشرف نے پیر کو قوم سے خطاب میں اپنے استعفے کا اعلان کیا۔ مستعفی صدر کے قوم سے خطاب کا متن درج ذیل ہے۔
میرے عزیز ہم وطنو، بہنو اور بھائیو، السلام علیکم۔ ملک آج جن حالات سے گزر رہا ہے مجھے بھی اور سب کو معلوم ہے۔ میں نے ملک کی باگ ڈور 9 سال قبل سنبھالی، اس وقت صورتحال کیا تھی، یہ ملک ایک دہشتگرد ریاست قرار دیاجانے والا تھا، یہ ملک معاشی لحاظ سے ناکام ریاست قرار دیا جانے والا تھا۔
اس وقت میرے ذہن میں ایک ہی سوچ اور ایک ہی خیال تھا کہ میری اس ملک سے بے پناہ محبت ہے اور میں نے سوچا کہ تقدیر میں اس ملک کو بچانا اور اسے ترقی کی طرف لے کر جانا ہے تو میں اپنے تن، من ،دھن کی بازی لگا دوں گا۔
پچھلے9 سالوں میں میں نے اسی جذبے کے ساتھ پاکستان کو جو درپیش چیلنجز اور بحران آئے ان کا سامنا کیا۔ میرے خیال میں نو سالوں میں جو چیلنجز پاکستان کے سامنے آئے ہیں، کسی اور وقت کسی اور پریڈ میں چیلنجز نہیں آئے ہیں ، چاہے وہ معاشی تباہی سے پاکستان کو بچانا ہو چاہئے وہ 2000ءکی خشک سالی کا مقابلہ کرنا ہو اور عوام کو مصیبتوں سے بچانا ہو، چاہے وہ 2001ءکی ہندوستان کے ساتھ محاذآرائی ہو، جس میں کہ جنگ کے بادل پاکستان کے آسمانوں پر پاکستان پر منڈلا رہے تھے10 مہینے کےلئے، اس چیلنج کا مقابلہ کرنا ہو ،چاہئے وہ نائن الیون کا سانحہ ہو اور اس کے ”فال آؤٹس“ (اثرات) کے اس تمام خطے اور خاص طور پر پاکستان پر، چاہئے وہ 2005ءکا زلزلہ ہوجس سے شمالی علاقہ جات اور کشمیر کو ترقی کی طرف واپس اور چیلنج کو ایک موقع کی طرح تبدیل کرنا ہو، ان تمام بحرانوں میں اللہ تعالیٰ کی مدد شامل حال رہی۔
ہم نے ان تمام بحرانوں کا چیلنجزکا مقابلہ کیا اور ان سے نمٹا اور مجھے فخر ہے کہ ہم نے پاکستان اور اس کی عوام کو محفوظ رکھا۔ ہر کام میں میری نیت صاف رہی جو بھی حل دیکھا کسی مشکل کا ، کسی سانحہ کا ، کسی چیلنج کا اس میں ملک اور قوم کے مفادکو ہمیشہ ترجیح دی۔ ذات سے بالا تر ہوکر ملک کو اور عوام کو ترجیح دی۔ سب سے پہلے پاکستان، کا نعرہ لگایا، یہ نعرہ قوم کو دیا، یہ محض دکھاوا نہیں تھا، یہ میرے دل کی گہرائیوں کی آواز تھی اور اب بھی یہی آوازرہے گی، مستقبل میں بھی آواز سب سے پہلے پاکستان ہی رہے گی۔
اس ملک کے لئے پاکستان کےلئے دو جنگیں لڑیں اور ہمیشہ خون کا نذرانہ دینے کےلئے تیار رہے اور مجھے فخر ہے کہ اب بھی میرے میں یہی جذبہ قائم ہے اور آئندہ بھی یہی جذبہ رہے گا۔
بدقسمتی ہماری کچھ عناصر اپنے ذاتی مفاد کو ملکی مفاد سے اوپر رکھتے ہیں۔ جھوٹے بے بنیاد الزامات میرے پر لگائے، جھوٹ کو سچ، سچ کو جھوٹ بنانے کی کوشش کرتے رہے، عوام کو دھوکہ دینے کی کوشش کی، عوام کو دھوکہ دیتے ہیں ، ان کو کبھی یہ احساس نہیں ہوا کہ میرے خلاف تو شاید ان کو کامیابی مل جائے لیکن اس کا ملک کو کتنا نقصان اٹھانا پڑے گا اس کا انہوں نے کبھی احساس نہیں کیا۔ یہ عناصر وہ تھے وہ ہیں جو کہتے ہیں کہ ہماری تمام پالیسیاں پچھلے نو سال غلط رہی ہیں،معاشی تباہی کی طرف ہم جارہے ہیں وہ پچھلے آٹھ سال کی پالیسیوں کی وجہ سے ہے ۔
یہاں تک کہ یہ بھی کہتے ہیں کہ بجلی کا بحران بھی ہماری پالیسیوں کی وجہ سے ہے۔ یہ بلکل غلط اور ملک کے ساتھ فریب ہے۔ کچھ حقائق میں قوم کے سامنے رکھنا چاہوں گا ۔ سب سے پہلے تو معیشت کی بات کرنا چاہوں گا ۔ یہ وقت اس کی تفصیلات میں جانے کا نہیں ہے اس کی تفصیلات ایک پیپر میں لکھ دی ہیں وہ میں ریلیز کردوں گا پریس میں کہ آپ سب کو کہ آپ سب آگاہ ہوجائیں کہ اصل صورتحال ہماری معیشت کی کیا ہے لیکن فی الحال میں یہ کہنا چاہوں گا کہ معیشت کے حوالے سے چند باتیں دسمبر 2007ء یعنی 8 مہینے پہلے پر ذرا نظر ڈالیں۔ کیا حالت تھی؟ معیشت بالکل ٹھیک تھی بلکہ پختہ تھی آٹھ مہینے پہلے ، جی ڈی پی ہماری 7 فیصد اوسط سے بڑھ رہی تھی اور 63 ارب ڈالر سے 160، 170 ارب ڈالر پر پہنچ گئی تھی ، ڈبل سے زیادہ، غیر ملکی زرمبادلہ کے ہمارے ذخائر 17 ارب ڈالر پر پہنچ گئے، ہماری ریونیو وصولیاں ایک ٹریلین یا ایک ہزار ارب روپے پر پہنچ گئی تھیں، ہماری سٹاک ایکسچینج انڈیکس تقریباً 16 ہزار کے قریب پہنچ گیا تھا اور سب سے بڑی بات ایکسچینج ریٹ ایک ڈالر کی قیمت 8 سال تک 60 روپے کے اردگرد رہی۔
یہ ہماری اکانومی کی طاقت تھی اس کی وجہ سے یہ ساری (مین انڈیکیٹرز ) بنیادی اعشاریے جو میں نے آپ کو بتائے ہیں معاشی خوشحالی کے اعشاریے اور میں یہ آٹھ مہینے پہلے کی صورتحال آپ کو بتا رہا ہوں۔ اس وجہ سے دنیا کی اسسمنٹ ایجنسیز (Assesment Agencies) ، ایویلو ایٹنگ ایجنسیز (Evaluating Agencies) انہوں نے پاکستان کو این 11 میں قرار دیا ۔ این 11 ، نیکسٹ 11 اور یہ نیکسٹ 11 وہ ممالک دنیا کے جو برک ممالک کے بعد اور برک کون سے۔۔۔۔؟ برازیل، روس ، انڈیا، چین ، برکس۔۔۔ یہ چار تو پروگریسو اکانومیز ، ڈائی نیمک اکانومیز ان کے بعد پوری دنیا میں جو نیکسٹ 11 تھیں ان میں پاکستان کا بھی شمار کیا گیا ۔ یہ میں کوئی ایسی چیز نہیں بتا رہا ہوں اپنی طرف سے دنیا کے کسی ادارے میں معلوم کریں اور آپ کو پتہ ہوجائے گا صورتحال پاکستان کی، معیشت کی پختگی کی یہ صورتحال تھی آٹھ مہینے پہلے۔
یہ بحران معاشی بحران تو چھ مہینے پہلے شروع ہوا، ہماری فارن ایکسچینج ریزروز 10 ارب ڈالر سے بھی نیچے چلی گئیں۔ ایکسچینج ریٹ جو آٹھ سال سے 60 روپے پے تھا آج 77 روپے پے چلا گیا ہے ۔ سٹاک ایکسچینج جو 15 ہزار 700 یا 16 ہزار کے قریب تھا آج 10 ہزار کے ارد گرد منڈلا رہا ہے ۔ سرمایہ کی بیرون ملک منتقلی ہورہی ہے، لوگ اپنا سرمایہ بیرون ملک لے جارہے ہیں۔ سرمایہ کار چاہے وہ اپنے لوگ ہوں یا باہر کے انہوں نے اپنا ہاتھ روک لیا ہے۔
اس کا اثر غریب عوام پے مہنگائی کی صورت میں سامنے ہے، آٹا، دال، گھی کی قیمتیں، ڈیڑھ سے دگنی ہوگئی ہیں اور ان سے عام غریب عوام کو تکلیفیں اٹھانی پڑ رہی ہیں۔
یہ ضرور ہے کہ یہ انٹرنیشنل بحران جس کا پاکستان کو بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ یہ انٹرنیشنل بحران تیل کی قیمتوں کی وجہ سے ، فوڈ گرینز خاص طور پر گندم کی قیمتوں کی وجہ سے اور ہمارے لئے کھانے کے تیل بھی جو ہم درآمد کرتے ہیں کی قیمتوں کی وجہ سے یہ ضرور ہماری معیشت کے اوپر اثر انداز ہوا لیکن چونکہ ہماری معیشت پختہ تھی 2007 ءنومبر تک ہم نے یہ تمام دھچکے ہماری معیشت نے سہے اور اسی لئے ایکسچینج ریٹ بھی مستحکم رہا، غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر بھی بڑھتے رہے، سب معاملات معاشی لحاظ سے ٹھیک چلتے رہے لیکن اب یہ (ڈاؤن سٹرائیک) تنزلی کی طرف بڑھ رہے ہیں تو یہ کہنا کہ یہ پالیسی نو سال سے ہی خراب تھی۔
میں سمجھتا ہوں کہ جو بھی یہ کہتا ہے پاکستان کیلئے نقصان دہ اور عوام کو گمراہ کرنے کے مترادف ہے۔ بجلی کا بحران جو میں تفصیلی میں نہیں جانا چاہتا ہوں بجلی کی طلب میں چونکہ معاشی حالت بہتر ہورہی تھی، عوام میں ترقی ہورہی تھی، پیسے زیادہ ہوگئے تھے، تو بجلی کی طلب میں بہت زیادہ اضافہ ہوا ہے پچھلے سات آٹھ سال میں اور میں اعتراف کروں گا کہ اس کے مقابلے میں ہم نے اپنی (بجلی کی) پیداواری صلاحیت کو اسی رفتار سے اور مقدار میں نہیں بڑھا سکے لیکن یہ کہنا کہ بجلی کی پیداواری صلاحیت میں کوئی اضافہ ہی نہیں ہوا پچھلے نو سالوں میں یہ سراسر غلط ہے۔
تین ہزار میگاواٹ سے زیادہ جنریشن گزشتہ نو سال میں ہوئی ہے لیکن جیسے میں نے کہا کہ ناکافی رہی کیونکہ اقتصادی ترقی بہت تیز تھی اور بجلی کی مانگ بہت زیادہ تھی۔ لیکن یہ کہنے کے بعد میں یہ کہنا چاہوں گا کہ اب کیا صورتحال ہے۔ جون 2007 ءمیں ہم 14 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کررہے تھے۔ جون 2008 ءمیں 10 ہزار میگاواٹ ہم پیدا کررہے ہیں ۔ کیوں؟
پیداواری صلاحیت وہی ہے لیکن ’سرکلر ڈیٹ‘ کا مسئلہ ہوا ہوا ہے۔ پیسے نہیں مل رہے ہیں (بجلی)جنریٹ کرنے والی( نجی کمپنیاں ) آئی پی پیز کو اس لئے ان بجلی پیدا کرنے والی کمپنیوں نے بجلی پیدا کرنی کم کردی ہے تو لہذا یہ لوڈشیڈنگ زیادہ ہوگئی۔
یہ حائق میں نے اس لئے بتائے کہ قوم کو خاص طورپر یہ دو باتیں جن کے اوپر ایک فضا بنائی جارہی ہے کہ پچھلی حکومت نے گزشتہ نو سال کے دوران کچھ بھی نہیں کیا یہ سراسر جھوٹ ہے، قوم کے ساتھ فریب ہے اور میں یہ کہوں گا کہ یہ ساری باتیں کھلیں تو قوم کو اور ملک کو اور زیادہ نقصان ہونے کا خطرہ ہے۔
اس لئے ماضی کو چھوڑیں آئندہ کو مستقبل کو دیکھیں یہ جتنے بھی معاملے ہیں یہ حل ہوسکتے ہیں، حکومت کو ان کا حل ڈھونڈنا چاہئے اور میں چاہتا ہوں کہ اور میری یہ دعا ہے کہ اور یہ کیونکہ یقین بنایا جاسکتا ہے اس لئے میری دعا یہی ہے کہ حکومت مستقبل کی طرف دیکھ کر ان مسائل کا حل ڈھونڈے اور پاکستان کو آگے کی طرف لے کر جائے۔
بہنو اور بھائیو
کچھ اور حقائق میری نظر میں ہیں، میں ان پر نظر ڈالنا چاہوں گا۔ میرے خیال میں، میں یہ پورے اعتماد کے ساتھ کہہ سکتا ہوں کہ ہم نے ان پچھلے نوسالوں میں ہر شعبے کی بہتری کیلئے، ہر شعبے کے (مسائل) پر توجہ دی اور ہر شعبے میں پاکستان کو آگے ترقی کی طرف لے کر گئے۔
ترقیاتی منصوبوں کی سب سے پہلے میں بات کرنا چاہوں گا، بہت اختصار کے ساتھ ۔ سڑکوں کو دیکھیں، مواصلاتی نظام کو دیکھیں۔ ایک ایم ٹو بنائی گئی تھی راولپنڈی سے لاہور تک، اس کا بہت چرچا ہوا تھا، اس کے علاوہ مجھے نہیں نظر آتا کہ پہلے کیا گیا تھا اس ملک میں، لیکن میں یہ بتانا چاہتا ہوں کہ ان نو سالوں میں ساڑھے سات سو کلو میٹر کی کوسٹل ہائی وے بنائی گئی۔
ایم ون پشاور سے راولپنڈی اسلام آباد سڑک بنائی گئی، ایم تھری لاہور سے فیصل آباد کی طرف سڑک بنائی گئی، اسلام آباد مری ایکسپریس وے بنائی گئی۔ کراچی نادرن بائی پاس بنایا گیا۔ لواری ٹنل زیرتعمیر ہے، گوادر سے رتوڈیرو نوسوپچاس کلو میٹر کی سڑک زیر تعمیر ہے، شمالی علاقہ جات کی سڑکیں بنائی گئی ہیں جو چترال، گلگت ، ہنزہ، سکردو کو آپس میں ملاتی ہیں اور ان کے علاوہ کراچی، لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد کی طرف نظر ڈالیں تو سڑکوں کا نظام، کتنی ترقی کررہا ہے یہ آپ خود ہی دیکھ سکتے ہیں۔
آبی منصوبوں کو لے لیں، جس کے بارے میں کچھ نہیں کیا جارہا تھا اس سے پہلے، تیس سال گزر گئے ہم نے بڑے ڈیم بنائے تھے، اب اللہ تعالی کے فضل وکرم سے میرانی ڈیم تیار ہوگیا ہے، سبکزئی ڈیم تیار ہوگیا اس کا افتتاح ہوگیا، ست پارہ ڈیم سکردو میں تیار ہوکر اس کا افتتاح ہوگیا ، منگلا ڈیم کی اونچائی مکمل ہوگئی ہے آج کل ادھر پانی بھرا جارہا ہے ، تیس فٹ زیادہ پانی اس کی اب پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت دوگنا ہوجائے گی اس سے جتنا زیادہ آبپاشی کو فائدہ ہوگا وہ آپ خود ہی جانتے ہیں۔ گومل زام ڈیم بنایا جارہا ہے ۔
اگر نہروں کو لیا جائے تو کچھی کینال بنایا جارہا ہے، ساٹھ ستر فیصد تک مکمل ہے تقریباً اس سے سات لاکھ ایکڑ زمین سیراب ہوگی۔ رینی کینال بن رہا ہے۔ ٹل کینال بن رہا ہے، یہ کینال جب بن جائیں گے اور ڈیمز جو بن گئے ہیں یہ مجموعی طورپر تین ملین ایکڑ زمین، غیر کاشت شدہ زمین کو سیراب کریں گے۔ اس کا ہماری زراعت کو کیا فائدہ ہوگا اس کا آپ خود اندازہ لگا لیں۔ تیس لاکھ ایکڑ غیر کاشت شدہ زمین اس سے سیراب ہوگی۔
اس کے علاوہ کھالوں کو پختہ کرنے کا عمل چاروں صوبوں میں جاری ہے۔ ستر فیصد مکمل ہوگیا ہے۔ 65 ارب روپے کا یہ منصوبہ تھا اس سے بھی کاشتکاروں کا فائدہ ہے جو آخری سرے پر کاشتکار ہیں ان کا فائدہ ہوگا۔ گوادر بندرگاہ بن چکی ہے، نئے ہوائی اڈے بن رہے ہیں کچھ بنائے گئے ہیں، کچھ کو بہتر بنایا گیا ہے، ٹیلی کمیونیکیشن میں انقلاب آگیا ہے۔
پانچ سال پہلے پانچ چھ لاکھ موبائل فون ہوتے تھے آج آٹھ کروڑ موبائل ٹیلی فون ہیں، ٹیلی ڈینسٹی 2.9فیصد تھی جو آج پچاس فیصد سے زائد ہے یہ ایک انقلاب ہے۔ یہ تھی ترقیاتی منصوبوں کی بات۔
صنعت کو دیکھیں ہرطرف صنعتیں، ہرطرف انڈسٹری پھیل رہی تھی لوگوں کو نوکریاں مل رہی تھیں، سرمایہ کاری آرہی تھی، اسی سے اندازہ لگائیں کہ کسی ہوٹل میں جائیں۔ تو سو فیصد کمرے بک ہوتے تھے اس کی وجہ سے اسلام آباد میں بھی چار پانچ ہوٹل بنائے جارہے تھے۔
یہ صورتحال تھی سرمایہ کاری کی پاکستان میں اور چونکہ انڈسٹری یہاں لگ رہی تھی، بیرون ملک سے لوگ آرہے تھے ۔ ملک کے اندر اور باہر سے لوگ صنعتیں لگا رہے تھے جس کی وجہ سے لوگوں کو نوکریاں مل رہی تھیں، جب نوکریاں مل رہی ہوں تو بیروزگاری میں کمی آتی ہے۔ بے روزگاری کام ہونے سے غربت کم ہوتی ہے۔ جو 34 فیصد سے کم ہوکر 24 فیصد پر آگئی۔ یہ صورتحال تھی عوام کی بہتری اور خوشحالی کی۔
تعلیم کے شعبے کو اگر دیکھا جائے تو اس کی تفصیلات میں میں نہیں جانا چاہتا ہوں ، خواندگی کے مسئلے کو بحال کررہے تھے ، ہم سیکنڈری، پرائمری سطح پر توجہ دے رہے تھے لیکن میں یہاں پر صرف دو چیزوں کا ذکر کروں گا۔ فنی تعلیم اور ووکیشنل تربیت اس کا جال پھیل رہا تھا نیوٹیک کے نیچے اس میں آرمی بھی شامل تھی ، بورڈ اس میں شامل تھے کئی ہزار بچے ووکیشنل ٹریننگ لے رہے تھے اور ان کو نوکریاں مل رہی تھیں، ہنر سیکھ رہے ہیں اور پیسے کما رہے ہیں۔
یہ صورتحال تھی ٹیکینکل ایجوکیشن اور ووکیشنل ایجوکیشن کی، ہائر ایجوکیشن کا اگر میں نے ذکر نہ کیا تو بہت زیادتی ہوجائے گی۔ ہائیر ایجوکیشن میں دو باہر کی یونیورسٹیاں، ترقی یافتہ ممالک کی ،ہمارے ساتھ مشترکہ منصوبہ کے تحت آغاز کررہی تھیں۔ معاہدے ہورہے تھے اور وہ آنے کو تیار تھیں ،اراضی مختص کی جا چکی ہے ، پیسے مختص ہوچکے تھے، اور آگے کی ہم سوچ رہے تھے۔ اور اس کے علاوہ ایک پی ایچ ڈی پروگرام جو کہ ایک بہترین پروگرام ہے، جبکہ پہلے دو تین درجن پی ایچ ڈی سائنس اور انجینئرنگ کے مضامین میں ہوتے تھے آج فخر سے کہتا ہوں کہ ہمارا ہدف ڈیڑھ ہزار پی ایچ ڈی سالانہ 2010 ءتک بنایا ، اور میں یہ بات بھی فخر سے کہتا ہوں کہ تقریباً تین ساڑھے تین سو پی ایچ ڈی ملک واپس آگئے ہیں اور اس وقت تقریباً ایک ہزار پی ایچ ڈی پروگرام کے تحت تعلیم حاصل کررہے ہیں۔ یہ تعلیم کے شعبے میں۔
پھر صحت کا شعبہ، اس میں میں یہی کہوں گا کہ ہم نے پرائمری اور سیکنڈری ہیلتھ کیئر کو ترجیح دی، اس میں بے شمار بنیادی مراکز صحت ، تحصیل اور ڈسٹرکٹ ہسپتالوں کو قائم کیا اور سب سے بڑی بات کہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی کا سلسلہ جس میں ہم نے پانی صاف کرنے کے پلانٹ پورے پاکستان بھر میں جال پھیلانے کا منصوبہ بنایا اس پر اربوں روپے لگائے گئے ہیں۔
ہمارا منصوبہ یہ تھا کہ یونین کونسل تک چھ ہزار پینے کا صاف پانی فراہم کرنے والے پلانٹ لگائے جائیں تاکہ یہ جو بیماریاں پھیلتی ہیں پینے کے پانی سے ، اس سے لوگوں کو عوام کو محفوظ رکھا جاسکے، یہ منصوبہ الگ تھا، خواتین کے شعبہ کی میں ضرور ذکر کرنا چاہوں گا، اس میں کیا ہوا ، خواتین کو بااختیار بنانے ، خواتین کی ترقی کیلئے میں سمجھتا ہوں کہ کوئی ملک ترقی نہیں کرسکتا جب تک کہ ہم خواتین کو جائز رول نہ دے سکیں اور برابری نہ دے سکیں۔
اس شعبہ میں ہم نے تین نکاتی حکمت عملی اختیار کی یعنی، سیاسی طورپر باختیار بنانا، معاشی طور پر بااختیار بنانا اور قوانین میں ترمیم لاکر خواتین کے ساتھ جو زیادتیاں ہورہی تھیں ، امتیازی قوانین کو ٹھیک کرنا۔ سیاسی طورپر بااختیار نہ بناتے تو آج جو بھی خواتین چاہے وہ اپوزیشن میں ہی بیٹھی ہوئی ہیں، چاہے وہ اتحادی حکومت کی ہیں سب کو پتہ ہونا چاہئے کہ ہماری پالیسی خواتین کو بااختیار بنانے کی جس میں ان کیلئے مخصوص نشستیں بنائی گئیں۔
لوکل گورنمنٹ لیول پر، صوبائی سطح پر، قومی سطح پر سینٹ میں جس کی وجہ سے وہ آج یہاں بیٹھی ہوئی ہیں اور اپنی آواز بلند کرسکتی ہیں۔ جیسا کہ معاشی طور پر انہیں بااختیار بنانے اور امتیازی قوانین کے بارے میں میں نے آپ کو بتا دیا، عزت کے نام پر قتل اور حدود آرڈیننس کو بھی ہم نے جائز طریقے سے اسلامی نظریے کے مطابق، اقلیتوں کا بھی ہم نے خیال رکھا ان کو بااختیار بنایا وہ بھی خوش ہیں۔
کیونکہ ہم نے ان کو مخلوط طرز انتخاب دے دیا اور دوہرا فائدہ دیا کہ وہ اپنی مخصوص نشستیں بھی قائم رکھیں۔ ثقافت اور ورثہ اس کو بھی ہم نے فروغ دیا اس کو بھی ہم نے نظرانداز نہیں کیا ، ہر ملک کو اپنے ورثہ اور ثقافت کا خیال رکھنا چاہئے تاکہ دنیا بھی دیکھے کہ ہم نئی عوام اور قوم نہیں ہیں ہماری ایک بھرپور تاریخ اور ثقافت ہے، اس میں آپ دیکھیں گے کہ ہم نے قائداعظم کے مزار کے ساتھ ہم نے بہتری کی جس کی وجہ سے وہاں ہزاروں لوگ ہر شام بیٹھ سکتے ہیں اور تفریح کر سکتے ہیں۔
اسلام آباد میں آپ دیکھیں یہاں ایک ثقافتی میوزیم بنایا جس میں ہزاروں لوگ جاتے ہیں اور دیکھتے ہیں کہ پاکستان کی تاریخ کیا ہے اور ہماری ثقافت کیا ہے، علاقائی ثقافت کیا ہے پھر ہم نے یہاں قومی یادگار بنائی ہے جو خوبصورت یادگار ہے لوگ وہاں جاتے ہیں اس کے ساتھ ایک اور میوزیم بنایا گیا ہے جو تحریک پاکستان کے بارے میں عوام کو اور آنے والی نسلوں کو بتائے گا، ہم نے یہاں ایک آرٹ گیلری کھولی ہے جو دنیا کے لوگ وہاں آتے ہیں اسے دیکھتے اور حیران ہوتے ہیں کہ یہ اتنی زبردست آرٹ گیلری کھولی ہے اگر آپ لاہور جائیں تو بہت خوبصورت باغ پاکستان بنایا جا رہا ہے، والٹن میں بنایا گیا ہے، یہ خوبصورت قومی یادگار ایک سال بن کر سامنے آیا ہے، کراچی جائیں تو وہاں نیپا (نیشنل اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹ) یہ ہم نے بنائی ہے اور اس میں فخر سے کہتا ہوں کہ آج پرفارمنگ آرٹ جسے بعض لوگ عزت کی نظر سے نہیں دیکھتے آج پڑھے لکھے جوان ، بچے بچیاں یہاں سے ڈگریاں لے رہے ہیں۔ تین سال کا کورس کر کے ڈگریاں لے رہے ہیں۔ یہ ہم نے پرفارمنگ آرٹ کو فروغ دیا ہے اور ثقافت اور ورثہ کو آگے لے کر گئے ہیں۔
جمہوریت کی بات بہت ہوتی ہے ،میں فوجی ہوں، میرے خلاف یہ ہے کہ میں جمہوریت کے خلاف ہوں میرے خیالات اس کے بالکل برعکس ہیں، پہلے جمہوریت کی بات ہوتی تھی وہ صرف بوتل پر جمہوریت کا لیبل تھا اس بوتل کے اندر جمہوریت کی روح نہیں ہوتی، ہم نے گذشتہ نو سال کے اندر اس میں جمہوریت کی روح ڈالی۔
لوکل گورنمنٹ کا نظام متعارف کرایا، لوکل گورنمنٹ کا نظام وہ ہے جو پالیسی تشکیل دینے اور اس پر عملدرآمد میں جو خلاءتھا اس کو پورا کرتا ہے۔یہاں اسلام آباد میں یا صوبائی درالحکومتوں میں بیٹھ کر پالیسیاں تو بہت بنتی تھیں لیکن نچلی سطح پر ان پر عملدرآمد یونین کونسل کی سطح پر ، گاؤں کی سطح پر ان پر عملدرآمد نہیں ہوتا تھا۔یہ وہ ا یک ادارہ ہے جس نے عملدرآمد کے اس خلاءکو دور کیا۔
میری نظر میں جو شخص کوئی فرد اس کے خلاف بولتا ہے اس کے خلاف کارروائی کریں گے وہ میرے خیال میں پاکستان کے ساتھ پاکستان کو نقصان پہنچائے گا۔ہم نے دو انتخابات کرائے، سینٹ میں نیشنل اسمبلی اور صوبائی اسمبلیاں ، لوکل گورنمنٹ دو مرتبہ انتخابات کرائے اور تمام نے اپنی مدت پوری کی،اس کے علاوہ میں نے اقلیتوں اور خواتین کو با اختیار بنانے کے بارے میں پہلے بتا دیا ہے۔ یہ جمہوریت اس کی حقیقی روح کی میں بات کر رہا ہوں جسے ہم نے متعارف کرایا ہے۔
دنیا میں پاکستان کا رتبہ 1999ء سے پہلے کہاں تھا، پاکستان کی کوئی پہچان نہیں تھی، پاکستان کو کوئی جانتا نہیں تھا، پاکستان کی بات کوئی سنتا نہیں تھا، ہم نے پاکستان کو ایک رتبہ دیا،ہماری بات سنی جاتی ہے، فورمز پر جب ہم جاتے ہیں تو ہماری بات کی ا یک اہمیت ہوتی ہے تولہذا پاکستان کو دنیا کے نقشے پر ڈال دیا اور اس کو اہمیت دی، اس کو رتبہ دیا، جو آج بھی اﷲ تعالیٰ کے فضل وکرم سے ہے۔
امن وامان کی بات بہت ہوتی ہے، میں یہ کہنا چاہوں گا کہ اس میں ہم اپنی پوری کوشش کی اور کچھ کامیابیاں ہوئیں، امن و امان نافذ کرنے والے اداروں کو ہم نے چاہے وہ سول آرمڈ فورسز ہوں یا پولیس، پولیس میں بھرتیوں میرٹ پر مبنی، ان کی تربیت اس میں بہتری ان کیلئے ساز وسامان، ان کی استعداد کار میں اضافہ، فرینزک لیبارٹریاں کھولیں اور سول آرمڈ فورسز کی ان کی آرگنائزیشن بہتر کی اور ان کیلئے اسلحہ اور تربیت بہتر بنائی۔
اس کے نتیجے میں میرے خیال میں جو کامیابی ملی ہے وہ یہ ہے کہ پہلے جو بھی کوئی اہم شخصیت جاتی تھی تو اس کے آگے پیچھے کلاشنکوف پکڑے ہوئے ہڈ پہنے ہوئے بعض اوقات لوگ ان کے آگے پیچھے گھوم رہے ہوتے تھے سڑکوں اورہوائی اڈوں پراور سب لوگوں کو پریشان کرتے تھے اور اگر کوئی جلسہ ہو رہا ہے تو وہاں سو آدمی ہڈ پہنے ہوئے کلاشنکوف پکڑے ہوئے کھڑے ہوتے تھے، یہ کیسا ملک چل رہا تھا، وہ الحمد اﷲ سب سلسلہ ختم ہوگیا تھا،اسلحہ کی نمائش، کلاشنکوف کی نمائش اور نقاب پوش لوگوں کی عوامی جلسوں میں سڑکوں پر کہیں نظر نہیں آتے تھے، یہ کامیابی ہے لیکن میں یہ ضرور کہوں گا کہ ستمبر گیارہ کے بعد ایک نیا دہشت گردی کا کردار بدقسمتی سے شروع ہوا، خود کش حملوں کے سلسلے سے نمٹنا پڑے گا۔ پوری قوم کو مل کر امن امان نافذ کرنے والے اداروں کا ساتھ دے کر سے نمٹنا پڑے گا۔
یہ تمام کامیابیاں تھیں جن پر مجھے فخر ہے،دنیا کے رتبے کی اگر میں نے بات کی ہے تو اس کا ثبوت آپ ڈونرز کانفرنس پر نظر ڈالیں جو زلزلے کے بعد ہم نے ڈونرز کانفرنس بلائی، 80 ممالک کے نمائندے اور مندوب آئے جبکہ ہمیں پانچ ارب ڈالر کی ضرورت تھی ہمیں ساڑھے چھ ارب ڈالر دینے کے وعدے کئے گئے، یہ ہمارا رتبہ تھا، یہ پاکستان کی پوزیشن تھی اور جیسے میں نے کہاکہ ان کامیابیوں پر مجھے فخر ہے۔ حکومت کو فخر ہے اور یہ تمام کامیابیاں پاکستان اور پاکستان کے عوام کیلئے کی گئیں۔
اب کچھ ان باتوں کے بعد موجودہ صورتحال پر آتے ہیں۔ پاکستان کی سیاسی دنگل میں شروع سے میری کوشش مفاہمت کی رہی ہے، یہی میری کوشش تھی کہ مفاہمت کی فضاء بنائی جائے، اس کا ثبوت میرا اپنا رویہ ذاتی سطح پر اور ادارے کی سطح پر، ذاتی سطح پر اپنے اس رویے کی میں وضاحت نہیں کرنا چاہتا، جو میں کہنا چاہا رہا ہوں لوگ وہ سمجھیں، کوئی انتقامی کارروائی، کوئی بدلہ لینے کا رویہ اختیار نہیں کیا اور میں نے ذاتی طور پر بھی ایسا رویہ اختیار نہیں کیا۔
ہم تین مراحل میں تبدیلی کی بات کی تھی کہ 1999ء سے بتدریج تبدیلی لاؤں گا اور بتدریج جمہوری عمل کو فروغ دیا جائے یہی تین مرحلوں کا پروگرام چلتا رہا، اس کا تیسرا مرحلہ آیا جس میں نے بری فوج کے سربراہ عہدے کو چھوڑا اور پھر 18 فروری کو ایک بہت شفاف اور صاف انتخابات کرائی جو پوری دنیا مانتی ہے کہ اس ملک میں سب سے شفاف اور صاف انتخابات ہوئے اور ان انتخابات کے بعد بہت خوش اسلوبی سے اختیارات منتقل کر دیئے گئے۔یہ ثبوت ہے ہمارا اور میرا ذاتی طور پر یقین مفاہمت اور مفاہمت کی فضاءکو قائم کرنے کیلئے کوشش رہی۔
18 فروری کے انتخابات کے بعد عوام کی کچھ امیدیں، امنگیں اپنے منتخب نمائندوں اور حکومت کی طرف سے وابستہ ہوئیں۔ وہ کیا امیدیں تھیں؟ وہ کیا امنگیں تھیں؟
وہ چاہتے تھے کہ مسائل کا حل ملے، ماضی کو چھوڑا جائے، مستقبل کی طرف دیکھا جائے۔ پاکستان اور پاکستان کی عوام کو اور خاص طور پر غریب عوام کو ترقی کی طرف لے کر جایا جائے۔ بے روزگاری کم کی جائے، ریاستی اداروں میں ہم آہنگی لائی جائے، کشیدگی ختم کی جائے، یہ ان کی امیدیں ہیں وابستہ تھیں حکومت سے اور اپنی منتخب نمائندوں سے۔
بدقسمتی میری تمام اپیلوں، مفاہمت کی طرف اور میری اپیلوں کہ پیچیدہ مسائل کو حل کیا جائے، ماضی کو چھوڑ کر مستقبل کو دیکھا جائے اور اس کے بارے میں سوچا جائے اور تمام کوششیں ، طاقتیں پیچیدہ مسائل پر لگا کر ان پر صرف کی جائیں لیکن میرے خیال میں بڑے افسوس کے ساتھ مجھے یہ کہنا پڑتا ہے کہ میری یہ تمام کوششیں ناکامیاب ہوئیں۔
کچھ عناصر ایسے تھے جو معیشت اور اکانومی کے ساتھ دہشت گردی کے ساتھ سیاست کھیل رہے ہیں۔نقصان پاکستان کا ہے، نقصان پاکستان کی عوام کا ہے۔مفاہمت کی بجائے تصادم کی فضاء شروع ہوگئی، ایک انتقام میں بدلہ لینے کے بہانے مجھ پرالزام لگایا گیا کہ ایوان صدر سے سازشیں ہوتی ہیں یہ بالکل بے بنیاد الزام حقائق کے بالکل برعکس اور منافی ہے۔
میں بتانا چاہتا ہوں کہ سب سے پہلے تو آپ یہ د یکھیں کہ شفاف اور صاف انتخابات 18 فروری کو ہوئے جس میں تمام جماعتوں اور لوگوں نے شرکت کی، حصہ لیا اور اس میں تمام لوگوں کی شمولیت میں نے ہم نے ممکن بنائی۔ اگر کوئی سازش ہوتی تو ہم یہ کیوں کرتے؟ کیوں فیئر کرتے؟کیوں سب کو انتخابات میں حصہ لینے دیتے؟
وزیراعظم کے انتخاب کو دیکھیں بلا مقابلہ کیسے انتخاب ہوگیا۔اپوزیشن نے بھی،سندھ اسمبلی کی کوششوں کو دیکھیں، ا یم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کی اور دیگر تمام جماعتوں کی، بلوچستان کو دیکھیں یہ تمام کلچر آف ڈی سینسی دیکھیںاپوزیشن کی طرف سے، صحت مند اپوزیشن اسمبلی میں، اس میں بجٹ میں بھی پاس ہوگیا اپوزیشن نے اس کی حمایت کی، یہ تمام کیسے ممکن ہوئے؟
اگر میں سازشیں کر رہا ہوں حکومت کے خلاف اور افراد کے خلاف، میں نے عوام کے سامنے اپنی حمایت کا حکومت کیلئے اعلان کیا، وزیراعظم کیلئے حمایت کا اعلان کیا اور میں نے یہ تک کیا ہے کہ ان آٹھ سالوں میں میرا جو بھی تجربہ ہے وہ حکومت کو دینے کیلئے تیار ہوں، میری کوشش رہی ہے کہ کوئی سرمایہ ہے، میرے اندر کوئی قابلیت ہے تو وہ میں حکومت کے حوالے کروں تاکہ جو پیچیدہ مسائل ہیں چیلنجز ہیں، بحران ہے، اس کی طرف میری کوشش ہو جائے حکومت کے ساتھ لیکن بدقسمتی سے اتحادی حکومت نے یہی سمجھا کہ میں ایک مسئلہ ہوں، حل نہیں۔
اب یہ میر امواخذہ کرنا چاہتے ہیں کیوں کرنا چاہتے ہیں؟ کیا یہ میرے آئینی حق سے خوفزدہ ہیں، یہ آئینی حق ہے مجھے بہت سے چیزوں کا ،کیا یہ اپنے موجودہ اور آئندہ کی غلطیاں چھپانا چاہتے ہیں کیا یہی ان کا مقصد ہے؟
میری بہنوں اور بھائیو!
مواخذہ اور چارج شیٹ دینا پارلیمنٹ کا حق ہے اور اس کا جواب دینا میرا بھی حق ہے، مجھے اپنے آپ پر یقین ہے اور اﷲ تعالیٰ پر بھروسہ ہے کہ کوئی بھی چارج شیٹ میرے مقابلے میں نہیں ٹھہر سکتی، کوئی ایک الزام بھی میرے خلاف ثابت نہیں ہوسکتا۔
مجھے اتنا اپنے آپ پر بھروسہ ہے کیونکہ میں نے اپنی ذات کیلئے کبھی کچھ نہیں کیا جو کچھ میں نے کیا وہ پاکستان کمز فرسٹ ، سب سے پہلے پاکستان، اس نظریے اور سوچ او رانداز کے ساتھ کیا۔عوام خاص طور پر غریب عوام ان کا درد ہمیشہ دل میں رکھا۔ ہر فیصلہ مشاورت سے کیا۔ تمام فریقین کو ساتھ ملا کر کیا۔ ہر فیصلے میں پیچیدہ ترین فیصلہ، خطرناک ترین فیصلہ اس میں پورے اعتماد کے ساتھ عوام کو کہتا ہوں کہ تمام فریقین کو اعتماد میں لیا اور یہ بات میری سنیں اور مانیں۔
وہ ”سٹیک ہولڈرز “ فوجی ہوں ،فوجیوں کو ہمیشہ اعتماد میں لیا۔ سیاستدان ہوں، سیاستدانوں کو اعتماد میں لیا۔بیورو کریٹس ، سول سرونٹس ہوں ان کو اعتماد میں لیا۔سول سوسائٹی کے ارکان کو اعتماد میں لےا، بلا کر ان سے مشورہ کیا، علماءکو اعتماد میں لیا جس بھی معاملے میں ان کا تعلق تھا تو تمام فریقین کو جو بھی معاملے سے متعلقہ تھے ان سے ہمیشہ مشاورت کی اور پھر فیصلوں پر پہنچے تو مجھے پورا یقین ہے کہ یہ جو چارج شیٹ ہے اس کی مجھے کوئی فکر نہیں ہے کیونکہ کوئی ایک بھی الزام میرے خلاف ثابت نہیں کیا جا سکتا اﷲ تعالیٰ کے فضل وکرم سے۔
لیکن سوال یہاں یہ اٹھتا ہے کہ مواخذہ کے اس معاملے کو ایک ذاتی انا کا مسئلہ بنایا جائے،اس کا ملک پر کیا اثر ہوگا، یہ سوال آتا ہے، یہ دو سوال اٹھتے ہیں میرے ذہن میں،کیا ملک مزید عدم استحکام ، غیر یقینی برداشت کر سکتا ہے؟ کیا ملک مزید تصادم کی فضاء سہ سکتا ہے، کیا ملک کی معیشت اور زیادہ مزید دباؤ برداشت کرسکتی ہے، کیا یہ صحیح ہوگا کہ صدر کا آفس قوم کی وحدت کی علامت ہے۔اس کو مواخذے کے عمل سے گزارا جائے کیا یہ صحیح ہوگا ، کیا یہ دانشمندانہ اقدام ہوگا، مجھے کچھ سال چند دنوں سے یہ سوالات میرے ذہن میں گھوم رہے ہیں اور میں سوچتا ہوں کی یہ شخصی مفاد میں بہادری دکھانے کا وقت نہیں۔ سنجیدگی کا وقت ہے۔
سنجیدگی سے سوچنے کا وقت ہے، مواخذے میں میں جیتوں یا ہاروں، قوم کی ہر صورت میں شکست ہوگی۔ملک کی آبرو عزت پر ٹھیس آئے گی۔ صدر کا دفتر صدر کے دفتر کے وقار کو میری نظر میں بھی ٹھیس آ سکتی ہے۔ پاکستان میرا عشق ہے، پہلے بھی اور اب بھی اس ملک کیلئے اس قوم کیلئے جان حاضر رہی۔44 سال میں نے جان کو داؤ پر لگا کر پاکستان اور اس کی قوم کی حفاظت کی ہے اور کرتا رہوں گا۔ کچھ اور بھی خیال اور سوچ ذہن میں آتے ہیں۔
بعض اوقات سوچتا ہوں کہ ملک جس بحران سے گزر رہا ہے میں کچھ کروں، اس ملک کو اس بحران سے نکالوں کیونکہ مجھے یقین ہے کہ اس بحران سے ملک کو نکالا جاسکتا ہے، اس میں صلاحیت ہے، اس کی عوام میں صلاحیت ہے اور اس کو اس بحران سے نکالا جاسکتا ہے۔
بعض دفعہ سوچتا ہوں کہ میں کچھ کروں کہ اس بحران سے اس ملک کو نکالوں، بعض دفعہ یہ بھی سوچتا ہوں کہ کچھ ایسی چیز بھی نہ کروں جس میں کہ غیر یقینی کی فضا اور لمبی ہو جائے یہ بھی نہیں کرنا چاہیے۔ پارلیمنٹ کو ہارس ٹریڈنگ سے بچانے کا خیال بھی میرے ذہن میں آتا ہے کیوں اپنے ساتھیوں کو ایک مشکل امتحان میں ڈالوں، اس کا بھی خیال میرے ذہن میں آتا ہے۔
مواخذہ اگر ناکام ہو بھی جائے میری نظر میں حکومت کے تعلقات ایوان صدر سے کبھی ٹھیک نہیں ہونگے، کشیدگی رہے گی۔ ملکی اداروں میں کشیدگی رہے گی، یہ بھی ہو سکتا ہے کہ ریاستی ستونوں میں یعنی پارلیمنٹ اور عدلیہ میں کشیدگی ہو جائے، اختلافات ہو جائیں اور خدانخواستہ فوج بھی اس معاملے میں نہ گھسیٹی جائے جو کہ میں کبھی نہیں چاہوں گا لہٰذا اس تمام صورتحال کا جائزہ لے کر اپنے قانونی مشیروں سے، قریبی سیاسی حمایتیوں سے مشاورت کرکے اور ان کی ایڈوائس لے کر ملک اور قوم کی خاطر میں آج عہدے سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کرتا ہوں۔
میرا استعفیٰ آج سپیکر قومی اسمبلی کے پاس پہنچ جائے گا، مجھے کسی سے کچھ نہیں چاہیے، کوئی غرض نہیں ہے، میں اپنے مستقبل کو قوم اور عوام کے ہاتھوں میں چھوڑتا ہوں، انہیں فیصلہ کرنے دیں اور انہیں انصاف کرنے دیں۔
میں اس اطمینان اور تسلی کے ساتھ جارہا ہوں کہ میں جو کچھ بھی اس ملک، اس قوم، عوام کے لئے کر سکتا تھا وہ میں نے دیانتداری، ایمانداری کے ساتھ کیا، ہر کچھ وہ کیا ایمانداری اور دیانتداری سے لیکن میں بھی انسان ہوں، ہو سکتا ہے کوتاہیاں سرزد ہوئی ہوں، مجھے امید ہے کہ قوم اور عوام ان کوتاہیوں سے درگزر کریں گے، اس یقین کے ساتھ کہ میری نیت ہمیشہ صاف رہی، میری نیت میں کوئی کھوٹ نہیں تھا، کوئی کوتاہی ہوئی ہوگی تو وہ غیر ارادی طور پر ہوئی ہوگی۔
مجھے آج جبکہ یہ تسلی ہے اور اطمینان ہے، مجھے رنج اور پریشانی یہ ضرور ہے کہ پاکستان تیزی سے پیچھے کی طرف جاتا ہوا نظر آرہا ہے، غریب عوام پسا جارہا ہے، اس کا مجھے دلی رنج، پریشانی ہے۔ مجھے امید ہے کہ حکومت ان کو ان پریشانیوں سے نجات دلانے کی طرف پوری کوشش کرے گی۔ میری دعا ہے کہ حکومت اس تنزلی کو روکے اور اس بحران سے کامیابی سے اس ملک کو اور اس ملک کے عوام کو چھٹکارہ دلائے۔
مجھے آج انتہائی خوشی ہے کہ آج میں ایک متحرک اور فعال میڈیا چھوڑ کے جارہا ہوں، مجھے امید ہے کہ جس طریقے سے یہ آزادی چل رہی ہے اتنی ہی ذمہ داری کے ساتھ آئندہ بھی اپنا کردار ادا کریں گے۔ میرے بہت سے حمایتی اور خیر خواہ اور کچھ آراءپر مشتمل سروے بھی یہ کہہ رہے ہیں کہ تقریباً 80,85 فیصد لوگ یہ چاہتے ہیں کہ مجھے رہنا چاہیے۔ میرے حمایتیوں کو ہو سکتا ہے کہ توقع کسی اور فیصلے کی ہو اور ہاں میں یہ بھی جانتا ہوں کہ بہت میرے حمایتی اور خیر خواہ مجھے کچھ اور راہ کی طرف کہہ رہے تھے۔
میں صرف ان سے یہ کہوں گا کہ میرے اس حقیقت پسندانہ فیصلے کو ملک و قوم کی خاطر قبول کریں۔ اگر ذاتی مفاد میں ہوتا تو میں ہو سکتا ہے کچھ اور کرتا لیکن جیسے میں نے کہا سب سے پہلے پاکستان، تو لہٰذا ’سب سے پہلے پاکستان’ ہمیشہ رہے گا اور میرے خیال میں اس وقت کا تقاضا یہی ہے جو میں نے فیصلہ کیا ہے۔
تمام دلائل میں نے آپ کے سامنے کھل کر دل کی آواز آپ کے سامنے کھل کر آج بتا دی ہے۔ میری نظر میں پچھلے کچھ مہینوں سے ایک خلفشار میرے ذہن میں تھا، میرے دل میں تھا اس قوم کے لئے، قوم کی عوام کے لئے میرے دل میں ہو رہا تھا کہ کس طرف جارہے ہیں، کہاں ہم اونچائی کی طرف جارہے تھے، کہاں میں سوچ رہا تھا کہ یونیورسٹیاں کھل جائیں گی یہاں، بچے تعلیم اور بہترین تعلیم کی طرف جائیں گے، عوام کی بہتری ہوگی، ان کی صحت بہتر ہوگی اور سماجی بہتری کی طرف جائیں گے، کہاں ہمیں اوپر جاتے ہوئے دنیا دیکھ رہی تھی اور اب ہم کہاں جارہے ہیں۔
مجھے امید ہے کہ میرے بغیر بھی یہ قوم، یہ عوام اتنی طاقت کے ساتھ اٹھے گی جو طاقت اور صلاحیت اس ملک نے ہمیشہ دکھائی ہے چاہے 1947ءکی آزادی ہو جبکہ یہ سمجھا جارہا تھا کہ یہ ملک نہیں رہے گا لیکن یہ قوم اور عوام تھی، لوگ تھے، اس کی طاقت تھی، اس کی صلاحیت، ہمت، جرات تھی جو پاکستان کو آگے لے کر گئی۔ آج بھی وہی جرات ، وہی ہمت چاہیے۔
مجھے اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ ہم میں صلاحیت ہے، ہمارے پاس وسائل ہیں کہ ہم جو بھی مسائل ہیں، جو چیلنجز ہیں، جو بین الاقوامی فضا کی وجہ سے کا ہم مقابلہ کر سکتے ہیں۔ اس وقت بھی ہماری میکرو اکانومی ٹھیک ہے، نیچے بہت چلی گئی ہے لیکن یہ ریل جو پٹڑی سے اتری ہوئی ہے اس کو ہم واپس پٹڑی پر ڈال سکتے ہیں، مجھے پورا یقین ہے لیکن اگر ہم مفاہمت کی اس فضا میں نہ پڑے، تصادم کا شکار رہے، اس ملک کو دھوکہ دیتے رہے، عوام کو دھوکہ دیتے رہے تو ہم کچھ کر دکھانے میں ناکام ہو جائیں گے اور میرے خیال میں اس ملک کی قیادت کو عوام کبھی معاف نہیں کرے گی۔
اس موقع پر میں افواج پاکستان، آرمی، نیوی، ایئرفورس کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں کہ جتنی انہوں نے مجھے محبت، مجھے احترام، عزت اور میرا کہا مانا، اپنائیت دی میں اس کو کبھی نہیں بھول سکوں گا اور جس دلیری سے جس بہادری سے، جس حب الوطنی سے افواج پاکستان نے ہمیشہ اس ملک کو بچایا، عوام اور لوگوں کی حفاظت کی، اس ملک کی حفاظت کی، اپنی جانوں کا نذرانہ، قربانیاں دی ہیں اس کے لئے تمام قوم اور میں افواج پاکستان کو سلیوٹ کرتے ہیں۔ امن و امان نافذ کرنے والے تمام ادارے، پولیس، سول آرمڈ فورسز جس دلیری اور بہادری سے دہشتگردی کا مقابلہ کرتے ہیں، اپنی جان کو خطرے میں ڈالتے ہیں، قربانیاں دیتے ہیں، یہ بے مثال ہے، میں ان کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
میں شکر گزار ہوں میرے تمام سیاسی اور غیر سیاسی رفقاءکا جنہوں نے مجھے دور صدارت یا حکومت چلانے میں مدد کی، میرا ساتھ دیا اور مشکل وقت میں ہمیشہ میرا ساتھ دیا۔ میں ان کو کبھی بھلا نہ سکوں گا۔ میں تمام سول سرونٹس کو، بیورو کریٹس کا بھی شکر گزار ہوں، جن کے تعاون، جن کا کردار تمام حاصل کردہ اہداف میں حکومت کے نو سال میں، تعمیر و ترقی میں وہ انتہائی لائق تحسین ہے، میں ان سب کا بھی شکر گزار ہوں۔ میرے اپنے ساتھی، میرا سٹاف جس محنت اور وفاداری کے ساتھ میرا ساتھ دیا اور میرے کام کو آسان بنایا، میں ان کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں اور میں ان کو کبھی بھول نہیں سکتا۔
پھر اس قوم، عوام، پاکستان کے عوام خاص طور پر غریب، انہوں نے بھی بے پناہ محبت مجھے دی اور اپنائیت دی، مجھے احترام دیا، مجھے پیار دیا، ان کو میں کبھی نہیں بھلا سکوں گا اور اس لئے بھی کہ میں بھی کیونکہ عوام میں سے ہوں۔ میں کسی اونچے خاندان سے نہیں آیا، کوئی آسمان سے زمین پر نہیں آیا ہوں، میں ایک مڈل کلاس آدمی ہوں اور مڈل کلاس سے ابھرا ہوں، میں اس عوام میں سے ہوں۔ اس لئے مجھے ان کے دکھ درد کا ہمیشہ احساس رہتا ہے اور مجھے مشکلات، زندگی کی مشکلات اور ان کی تکلیفوں کا ہمیشہ احساس رہتا ہے۔ اسی لئے میں کہتا ہوں کہ میں عوام میں سے ہوں اور ان کا دکھ درد ہمیشہ میرے ساتھ رہتا ہے، میں ان کا شکر گزار ہوں، ان کی حمایت کا میں تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔
میری ماں کی دعائیں ہمیشہ میرے ساتھ رہیں اور مجھے میری اہلیہ اور بچوں کی ہمیشہ بھرپور حمایت حاصل رہی جو بلاشبہ میرے لئے ایک طاقت ہے، آج بھی ان کی یہ حمایت مجھے حاصل ہے۔ میری اللہ تعالیٰ سے یہ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو اپنی حفاظت میں رکھے، اللہ تعالیٰ اس ملک کو سازشوں سے محفوظ رکھے، اللہ تعالیٰ عوام کی مشکلیں آسان کرے۔ میری جان ہمیشہ اس ملک ، اس قوم کے لئے ہمیشہ حاضر رہے گی جیسے پہلے رہی تھی ویسے ہی اس کے بعد بھی رہے گی۔
پاکستان کا اللہ حامی و ناصر ہو، پاکستان ہمیشہ پائندہ باد۔
بشکریہ بی بی سی اردو
1 comments:
مجھے بھی اتنی ساری ٹائیپنگ کرنے کا گُر بتا دیں بھائی جی
8/22/2008 10:49:00 PMڈفر's last blog post..مُحبّت
آپ بھی اپنا تبصرہ تحریر کریں
اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔