حلف کا مکمل متن
اسلامی جمہوریہ پاکستان کے گیارہویں صدر آصف علی زرداری نے منگل کو ایوان صدر میں منعقدہ ایک پروقار تقریب میں اپنے عہدہ کا حلف اٹھایا۔ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس عبدالحمید ڈوگر نے صدر سے حلف لیا۔ صدر نے انگریزی میں حلف اٹھایا۔ قارئین کے لئے حلف کا مکمل متن اردو میں پیش کیا جا رہا ہے:بسم اللہ الرحمن الرحیم
میں آصف علی زرداری صدق دل سے حلف اٹھاتا ہوں کہ میں مسلمان ہوں اور وحدت و توحید قادر مطلق اللہ تبارک تعالٰی، کتب الٰہی جن میں قرآن پاک ختم الکتب ہے، نبوت حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم بحیثیت خاتم النبین جن کے بعد کوئی نبی نہیں ہو سکتا، روز قیامت اور قرآن پاک و سنت کی جملہ مقتضیات و تعلیمات پر ایمان رکھتا ہوں کہ میں خلوص نیت سے پاکستان کا حامی اور وفادار رہوں گا۔ کہ بحیثیت صدر پاکستان میں اپنے فرائض، کارہائے منصبی ایمانداری، اپنی انتہائی صلاحیت اور وفاداری کے ساتھ اسلامی جمہوریہ پاکستان کے دستور اور قانون کے مطابق اور ہمیشہ پاکستان کی خودمختاری، سالمیت، استحکام، بہبود اور خوشحالی کی خاطر انجام دوں گا۔ کہ میں اسلامی نظریہ کو برقرار رکھنے کیلئے کوشاں رہوں گا جو قیام پاکستان کی بنیاد ہے۔ کہ میں اپنے ذاتی مفاد کو اپنے سرکاری کام یا اپنے سرکاری فیصلوں پر اثرانداز نہیں ہونے دوں گا۔ کہ میں اسلامی جمہوری پاکستان کے دستور کو برقرار رکھوں گا اور اس کا تحفظ اور دفاع کروں گا۔ کہ میں ہر حالت میں ہر قسم کے لوگوں کے ساتھ بلاخوف و رعایت اور بلارغبت و عناد قانون کے مطابق انصاف کروں گا۔ اور یہ کہ میں کسی شخص کی بلاواسطہ یا بالواسطہ کسی ایسے معاملے کی نہ اطلاع دوں گا اور نہ اسے ظاہر کروں گا جو بحیثیت صدر پاکستان میرے سامنے غور کیلئے پیش کیا جائے گا یا میرے علم میں آئے گا بجز جبکہ بحیثیت صدر اپنے فرائض کی کماحقہ انجام دہی کیلئے ایسا ضرور ہو۔ اللہ تعالیٰ میری مدد اور رہنمائی فرمائے۔ آمین
0 comments:
آپ بھی اپنا تبصرہ تحریر کریں
اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔