16 January, 2006

بلوچ سردار، کون کس کا رشتہ دار

wبڑے بلوچ سرداروں کی سیاسی جماعتیں تو الگ الگ ہیں لیکن یہ ایک دوسرے سے پیچ در پیچ رشتے ناطوں میں جڑے ہوئے ہوئے ہیں۔ سیاسی اختلافات کے باوجود سرداروں نے ایک دوسرے کے ہاں شادیاں کیں اور اپنے بچوں کی بھی آپس میں شادیاں کیں۔ بزرگ سرداروں کے اختلافات ہیں لیکن نئی نسل کی آپس میں دوستیاں بھی ہیں۔
نواب خیر بخش مری کے بھتیجے سردار ہمایوں خان مری نواب اکبر بگٹی کے داماد ہیں۔ وہ کوہلو سے انیس سو پچاسی سے انیس نوے تک تین دفعہ ایم پی اے منتخب ہوئے جہاں سے انیس سو ستر میں خود خیر بخش مری اور انیس ستتر میں ان کے بھائی میر قیصر مری منتخب ہوئے تھے۔ نواب خیر بخش مری سنہ انیس سو پچاس میں مری قبیلہ کے سردار بنے تھے۔ نواب خیر بخش مری کے ایک بیٹے گیزن مری کی اہلیہ سابق وزیرِاعلیٰ بلوچستان نواب ذوالفقار مگسی کی سوتیلی بہن ہیں۔ مگسی نواب بلوچستان کے بڑے زمیندار ہیں اور ان کا سیاسی اثر بلوچستان کے علاوہ سندھ کے علاقوں شہداد کوٹ اور لاڑکانہ تک موجود ہے۔ نواب بگٹی کے دوسرے داماد سردار چاکر خان ڈومکی کچھی کے بڑے سردار اور منتخب ایم پی اے رہ چکے ہیں۔ نواب بگٹی کے ایک بھانجے میر طارق محمود کا تعلق ضلع لورالائی کے کھیتران قبیلہ سے ہے۔
قلات کے حکمران خاندان کی لسبیلہ کے جام خاندان سے رشتہ داری ہے۔ میر قلات میر احمد یار خاں کے بیٹے شہزادہ محی الدین سابق وزیراعلیٰ بلوچستان اور لسبیلہ کے میر جام غلام قادر خاں (موجودہ وزیراعلی کے باپ) کے داماد تھے۔ لسبیلہ سے سابق ایم این اے غلام اکبر لاسی میر جام غلام قادر کے قریبی ساتھیوں میں شمار کیے جاتے تھے لیکن وہ انیس سو ترانوے میں جام قادر کے بیٹے کے خلاف ایم این اے کا انتخاب جیتےتھے جس میں ان کو قوم پرست سردار عطااللہ مینگل کے بھائی مہر اللہ مینگل نے مدد کی تھی۔
جام میر غلام قادر نے اپنی ریاست کو پاکستان میں شامل کرنے کا اعلان کیا تھا اور مکران اور خاران کی ریاستوں کو بھی پاکستان سے ملحق کرانے کے لیے کوششیں کی تھیں۔ وزیراعلی بلوچستان میر جام یوسف میرغلام قادر کے بیٹے ہیں۔ گو ان کا خاندان پرانا مسلم لیگی ہے لیکن ان کی قوم پرست سرداروں سے رشتے داری ہے۔ جام میر غلام قادر کی وفات کے بعد سردار صالح بھوتانی حب اور گڈانی کی موثر شخصیت کے طور پر سامنے آئے۔ ان کی بھی قوم پرست سرداروں سے رشتہ داری ہے۔سردار صالح بھوتانی اور اسلم بھوتانی سردار عطااللہ مینگل کے بہنوئی بھی ہیں اور سالے بھی۔
سردار صالح بھوتانی اور اسلم بھوتانی کی رشتہ داریاں دادو کے ضلعی ناظم ملک سکندر (اور اس کا کزن ملک علاؤالدین) سے ہیں جو صوبہ سندھ کے ضلع دادو میں تھانہ بولا خان میں مقیم ہے۔ ملک سکندر صالح بھوتانی کے بھانجے اور داماد ہیں۔ یوں بالواسطہ طور پر دادو کے ضلعی ناظم کی سردار عطا اللہ مینگل سے رشتہ داری ہے۔
ملک علاؤالدین پولیس کے ایک ریٹائرڈ افسر ہیں اور جام آف ملیر جام مراد کےداماد ہیں۔ جام مراد کے ایک بیٹے سردار عطا اللہ مینگل کے داماد ہیں اور دوسرا نواب اکبر بگٹی کے۔ جام مراد کی دوستی نواب بگٹی اور سردار عطااللہ مینگل دونوں سے ہے اور ان کے اختلافات میں ان کی صلح بھی کرانے کے لیے مشہور ہیں۔ دادو کے اس علاقہ میں پالارائی مینگل بڑی تعداد میں آباد ہیں۔ ضلعی ناظم دادو ملک سکندر آصف علی زرداری کا دست راست سمجھے جاتےہیں۔
سردار عطااللہ مینگل نواب رسول بخش کے بیٹے ہیں جنہوں نے تین شادیاں کی تھیں۔ سردار مینگل کی ماں سردار بلوچ خان محمد حسنی کی بہن تھیں اور ایک سوتیلی ماں جام آف لسبیلہ جام غلام قادر کی بہن تھیں۔ سردار بلوچ خان کی بیوی خان قلات احمد یار خان کی بہن تھیں۔ سردار عطااللہ مینگل کی دو پشتوں پر حاصل بزنجو اور ان کے والد غوث بخش بزنجو کے خاندان سے بھی رشتے داری بنتی ہے کہ ان کے دادا سردار رحیم مینگل کے بھائی کرم خان مینگل کی غوث بخش بزنجو کی بہن سے شادی ہوئی تھی۔ سردار عطا اللہ مینگل کی پہلی بیوی اسلم گچکی کی بہن تھیں جو وفات پاچکی ہیں۔ دوسری بیوی محمد صالح بھوتانی اور اسلم بھوتانی کی بہن ہیں اور اختر مینگل کی والدہ ہیں۔ اس وقت بلوچستان کے وزیراعلیٰ جام یوسف کی ماں اور سابق وزیراعلیٰ سردار اختر مینگل کی ماں سردار اسلم گچکی کی بہنیں ہیں۔ سردار اسلم گچکی خود سردار بلوچ خاں کے داماد ہیں اور سردار عارف جان گچکی کے بہنوئی ہیں۔ یوں مینگل خاندان ایک طرف قلات، محمد حسنی اور لسبیلہ کے سرداروں سے رشتہ داری میں جڑا ہوا ہے تو دوسری طرف سردار عطا اللہ مینگل کے بیٹے مری، محمد حسنی اور گچکی سرداروں کے ہاں بیاہے ہوئے ہیں۔ سردار عطااللہ مینگل کثیر العیال ہیں اور اسی اعتبار سے ان کی دوسرے قبیلوں کے سرداروں سے رشتے داریاں بھی زیادہ ہیں۔
میر عارف جان محمد حسنی کا تعلق خضدار کے محمد حسنی قبیلہ سے ہے اور ان کی بھی سردار عطا اللہ مینگل سے رشتہ داری ہے۔ ان کے ایک بیٹے سردار رستم خاں سردار عطااللہ مینگل کے داماد ہیں اور سابق وزیر اعلی سردار اختر جان مینگل کے بہنوئی ہیں جبکہ سردار عطااللہ مینگل کے بیٹے سردار منیر عارف محمد جان حسنی کی بیٹی سے شادی ہوئی ہے۔ اسلم گچکی کے بیٹے نے بھی محمد حسنی خاندان میں شادی کی۔ سردار عطا اللہ مینگل کے ایک اور بیٹے جاوید مینگل نواب خیر بخش مری کے داماد اور دوسرا بیٹے اختر مینگل سردار اسلم گچکی کے داماد ہیں۔ سردار عطا اللہ مینگل اور اسلم گچکی کے خاندان کی سندھ میں چانڈیو، جونیجو اور جتوئی خاندان میں لڑکیاں بیاہی ہوئی ہیں۔
ان رشتہ داریوں پر مستزاد بلوچ سرداروں کی نئی نسل کی آپس میں دوستیاں ہیں جن میں نواب خیر بخش مری کے بیٹے بلاچ مری اور نواب اکبر بگٹی کے پوتے براہمدہ بگٹی (جنہیں نواب بگٹی کا جانشین سمجھا جاتا ہے) کی دوستی کا آجکل خوب چرچا ہے۔

0 comments:

آپ بھی اپنا تبصرہ تحریر کریں

اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔


بلاگر حلقہ احباب