پورا احسان نہ اُتر جائے
چند برس پہلے قائداعظم، علامہ اقبال اور مولانا محمد علی جوہر نے فیصلہ کیا کہ چلو پاکستان چلتے ہیں اور دیکھتے ہیں کہ کیسا چل رہا ہے۔ تینوں بارہ اگست کو اسلام آباد پہنچے۔ پندرہ اگست کو پی آئی اے کے جہاز سے واپس جانے کے لئے اسلام آباد کے ہوائی اڈے پہنچے۔ ان چار دنوں میں اسلام آباد میں کسی ایک نے بھی نہ پہچانا کہ یہ تینوں کون ہیں۔ تینوں کے واپسی کے ٹکٹ کنفرم نہیں ہیں۔ لاؤنج میں بیٹھے آپس میں باتیں کررہے ہیں۔ علامہ اقبال درمیان میں کرسی کے ہتھے پر ہاتھ رکھے آنکھیں بند کیئے بیٹھے ہیں۔ مولانا غور سے اقبال کو دیکھتے ہیں۔مولانا: قائد ایسا لگتا ہے علامہ اب کوئی نیا خواب دیکھ رہے ہیں۔
اقبال (چونک کر) یہ بات نہیں ہے مولانا۔ جس آدمی نے پاکستان کا خواب دیکھا پی آئی اے والے اْس سے کہہ رہے ہیں تْو چانس پر ہے۔
قائد: علامہ چانس کا مطلب آپ غلط سمجھ رہے ہیں۔ چانس پر تو ہم تینوں ہیں۔ جن کے ٹکٹ کنفرم نہیں ہوتے ہیں ان سے کہا جاتا ہے کہ وہ چانس پر ہیں۔
اقبال: ایک بات ماننا پڑے گی قائد تم اسلام آباد میں بہت مشہور ہو۔ چودہ اگست کو اسلام آباد کے ہر گلی کوچے سے ایک ہی گانے کی آواز آرہی تھی
یوں دی ہمیں آزادی کہ دنیا ہوئی حیران
اے قائداعظم تیرا احسان ہے احسان
اے قائداعظم تیرا احسان ہے احسان
قائد: علامہ میرا آدھا احسان تو یہ لوگ سن انیس سو اکہتًر میں اْتار چکے ہیں۔ حالات دیکھ کر ڈر لگ رہا ہے کہیں پورا احسان نہ اْتار دیں
مولانا: غلطی آپکی ہے قائد - جب آپ نے مجھے پاکستان کا نقشہ دکھایا تھا تو مجھے کچھ خاص اچھا نہیں لگا تھا۔
قائد: مولانا آپ بھول رہے ہیں۔ آپ نے نقشہ دیکھ کر کہا تھا ماشااللہ ماشااللہ
مولانا: آپ کو سننے میں غلطی ہوئی میں نے ماشااللہ ماشااللہ نہیں مارشل لا مارشل لا کہا تھا۔
اقبال: حیرت ہے ان چار دنوں میں کسی ایک نے بھی ہم لوگوں کو نہیں پہچانا۔
قائد: ایسا ہوتا ہے علامہ - جو ہمارا کام تھا وہ ہم کرچکے اور بہت ایمانداری کے ساتھ۔
مولانا: قائد آپکے ساتھ سامان کتنا ہے؟
قائد: سوٹ کیس لایا تھا جس میں پاکستان کا نقشہ تھا۔اب واپس جارہا ہوں۔ نقشہ بریف کیس میں آگیا- سوٹ کیس میں نے اسلام آباد میں چھوڑ دیا۔
مولانا: علامہ آپکا سوٹ کیس بہت بڑا ہے۔ کیا صوبہ پیک کرلیا؟
اقبال: نہیں مولانا اس میں خودی کو پیک کیا ہے۔ اسلام آباد کی سڑکوں پر پڑی ہوئی نظر آئی۔ میں نے سوچا یہاں خودی صرف ہوائی جہاز کے ذریعے بلند ہوسکتی ہے۔
قائد: مولانا آپکی گود میں کیا ہے؟
مولانا: میں نے باڑے سے ایک وی سی آر خریدا ہے۔
علامہ: کیوں؟
مولانا: کسی نے مجھے بھیا کا ویڈیو دیا ہے۔ بیسٹ آف شوکت علی۔
علامہ: آپ کے بھیا شوکت علی کے زمانے میں ویڈیو کہاں تھا۔ یہ ویڈیو پنجاب کے فوک سنگر شوکت علی کا ہے۔
مولانا: پھر ہم کیا کریں؟
علامہ: مجھے دے دیں میری سمجھ میں آجائے گا۔
مولانا: ایک انسان نے پاکستان کا خواب دیکھا- ایک نے اْس کی تعبیر پیش کی اور یہاں ان دونوں کو کسی نے بھی نہیں پہچانا۔ کمال ہے۔
ایک بچی بھاگتی ہوئی قائد کے پاس آتی ہے اور کہتی ہے۔
بچی: آٹوگراف پلیز
قائد: بیٹی آپکا نام؟
بچی: آمنہ
قائد: بہت پیارا نام ہے۔ مجھے چھوٹے بچوں سے امید ہے کہ یہ بڑے ہوکر اس سرزمین کا نام روشن کریں گے
مولانا: بیٹی آپ نے کیسے پہچانا کہ یہ کون ہیں؟
بچی: میں نے نہیں ڈیڈی نے مجھ سے کہا جلدی جاکر آٹوگراف لے لو بہت مشہور ایکٹر کرسٹوفرلی بیٹھے ہوئے ہیں۔
قائد بچی سے آٹوگراف بک واپس لے کر اپنا نام کاٹ دیتے ہیں
قائد: بیٹی میں وہ نہیں ہوں ۔
پی آئی اے کا ایک ملازم آتا ہے
ملازم: آپ تینوں کے ٹکٹ کنفرم ہوگئے ہیں آپ لوگ جہاز پر جاسکتے ہیں۔
جہاز میں ۔
ایئر ہوسٹس: آپ لوگوں کو ہمارا کھانا اگر اچھا لگا ہو تو اس کارڈ پر اپنی رائے کا اظہار کردیں۔
مولانا: (کارڈ لینے کے بعد کارڈ پر لکھتے ہیں)
اے طائر لاہوتی اس رزق سے موت اچھی
جس رزق سے آتی ہو پرواز میں کوتاہی
جس رزق سے آتی ہو پرواز میں کوتاہی
علامہ: کیا لکھ رہے ہیں مولانا؟
مولانا: تمہارا شعر لکھ دیا۔
تحریر: انور مقصود
بشکریہ۔ بی بی سی اردو
4 comments:
Qadeer sahib aapnay un mullaoon ka zikr naian kia jo us waqt bhee kafir-e-azam aur na-pakistan kaha kartay thay aur ab bhee badmashee say na-pakistan bananay pay tulay hui hain. Fauj ko har dor main lanay walay bhee yahee mullah hain aur isko taqweeyat bhee yahee detay rahay hain hamesha. America kay leeay dollar lekay jihad karnay walay bhee yahee. To konsa nuqsaan hai jo in mullaoon nay hamara nahain kia? Hata kay apnay kartotoon say nai nasal ko Islam say bagee karanay walay bhee yahee mullah hain.
7/11/2007 07:21:00 AMاک عمدہ مضمون شئر کرنے کا شکریہ اس کا بی بی سی لنک بھی لکھ دیں تو کیا ہی اچھا ہو.
7/11/2007 08:33:00 AMجی بھائی بی بی سی کا لنک یہ رہا۔
7/12/2007 05:36:00 PM9 نومبر پر 113واں اقبال ڈے مبارک کو سب کو
11/10/2009 02:30:00 AMآپ بھی اپنا تبصرہ تحریر کریں
اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔