21 February, 2008

مادری زبانوں کا عالمی دن

 آج پوری دنیا میں مادری زبانوں کا عالمی دن منایا جا رہا ہے۔ انسانی معاشرے میں نقل مکانی، مختلف تہذیبوں کی جانب ہجرت اور آبادکاری ایک طرف تہذیبوں کے ملاپ کا باعث بنی تودوسری جانب اس ادغام سے رفتہ رفتہ کئی تہذیبوں کا خاتمہ بھی ہوا جس کا اثر وہاں بولی جانے والی زبانوں پر بھی پڑا۔ یہی وجہ ہے کہ دنیا میں بولی جانے والی 6912 زبانوں میں سے 516 ناپید ہوچکی ہیں۔ زمانے کی جدت اور سرکاری زبانوں کے بڑھتے ہوئے استعمال سے مادری زبانوں کی اہمیت ماند پڑ رہی ہے۔
عالمی سطح پر سب سے زیادہ استعمال ہونے والی زبان چینی جبکہ سرکاری سطح پر سب سے زیادہ استعمال ہونے والی زبان انگریزی ہے۔ عالمی دن کے حوالے سے ”جنگ“ ڈیولپمنٹ رپورٹنگ سیل نے مختلف ذرائع سے جو اعداد و شمار حاصل کئے ہیں ان کے مطابق دنیا میں سب سے زیادہ بولی جانے والی مادری زبان چینی ہے جسے 87 کروڑ 30 لاکھ افراد بولتے ہیں جبکہ 37 کروڑ ہندی، 35 کروڑ ہسپانوی، 34 کروڑ انگریزی اور 20 کروڑ افراد عربی بولتے ہیں۔ پنجابی گیارہویں اور اردو بولی جانے والی زبانوں میں 19 ویں نمبر پر ہے۔ اقوام متحدہ کے انفارمیشن سینٹر اسلام آباد کے اعداد و شمار کے مطابق عالمی سطح پر 7 سے 8 ہزار زبانیں بولی جاتی تھیں تاہم اب یہ زبانیں آہستہ آہستہ کم ہوتی جا رہی ہیں۔ کل بولی جانے والی زبانوں کا نصف ایسی زبانیں ہیں جنہیں 10 ہزار افراد سے زائد استعمال میں نہیں لاتے۔ سی آئی اے فیکٹ بک کے مطابق پاکستان میں سب سے زیادہ بولی جانے والی زبان پنجابی ہے جسے 48 فیصد افراد بولتے ہیں جبکہ 12 فیصد سندھی، 10 فیصد سرائیکی، انگریزی، اردو اور پشتو 8,8 فیصد، بلوچی 3 فیصد، ہندکو 2 فیصد اور ایک فیصد براہوی زبان کا استعمال کرتے ہیں۔ دنیا میں سب سے زیادہ زبانیں پاپوانیوگنی میں بولی جاتی ہیں جہاں کل زبانوں کا 12 فیصد یعنی 820 زبانیں بولی جاتی ہیں جبکہ 742 زبانوں کے ساتھ انڈونیشیاء دوسرے، 516 کے ساتھ نائیجیریا تیسرے، 425 کے ساتھ بھارت چوتھے اور 311 کے ساتھ امریکا پانچویں نمبر پر ہے۔ آسٹریلیا میں 275 اورچین میں 241 زبانیں بولی جاتی ہیں۔ انٹرنیٹ ورلڈ اسٹیٹ کے اعداد و شمار کے مطابق انٹرنیٹ پر سب سے زیادہ 38 کروڑ صارف انگریزی زبان کا استعمال کرتے ہیں جبکہ 18 کروڑ صارف چینی، 11 کروڑ 30 لاکھ اسپینش، 8 کروڑ 80 لاکھ جاپانی اور 6 کروڑ 40 لاکھ فرانسیسی زبان کا استعمال کرتے ہیں۔ دنیامیں سب سے پہلی زبان ایک لاکھ قبل مسیح میں شروع ہوئی جبکہ لکھی جانے والی زبانوں میں چینی اور یونانی قدیم زبانیں ہیں۔


بشکریہ روزنامہ جنگ

4 comments:

i love pakistan نے لکھا ہے

اس خبر میں یوم مادری زبان کی تاریخ کے متعلق کوئی بات نہیں کی گئی۔شائد پاکستانیوں کو اس کی حقیقت بتا کر مغموم کرنا مناسب نہ سمجھتے ہوں۔یا میں ہی یکطرفہ سوچ کا حامل ہوں۔
نیچے دی گئی لنک ذرا دیکھلیں جناب! شکریہ۔

http://en.wikipedia.org/wiki/Bengali_Language_Movement

2/22/2008 03:21:00 AM
تاینا رھمان نے لکھا ہے

سب زبائیں اپنے اندر خوبصورتی رکھتی ھیں۔اور ھر ایک کو اپنی زبان سے محبت ھوتی ھے۔لیکن اردو جو کے پاکستاں میں سب سے ذیادہ بولی جانے والی زبان ھے۔اور ھر صوبے کے لوگوں کے اظہار کا ایک اسان راستہ بھی۔اور اب تبصرہ کرنے کا خوبصورت ذریعہ بھی۔اس سے ذیادہ اسان زبان میں کچھ نہیں کہہ سکتی۔

3/04/2008 11:33:00 PM
پاکستانی نے لکھا ہے

جی پیارے پاکستان یہاں صرف اعداد شمار دیئے گئے ہیں، مقام غور یہ ہے کہ پنجابی گیارہویں اور اردو بولی جانے والی زبانوں میں 19 ویں نمبر پر ہے۔

3/05/2008 05:42:00 AM
پاکستانی نے لکھا ہے

تاینا رھمان صاحبہ ماں بولی سے محبت ایک فطری عمل ہے لیکن جو مٹھاس اردو میں ہے شاید ہی کسی اور زبان میں ہو۔ سب سے خوبصورت، آسان اور میٹھی زبان ہماری پیاری اردو

3/05/2008 05:45:00 AM

آپ بھی اپنا تبصرہ تحریر کریں

اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔


بلاگر حلقہ احباب